700

سعودی شہری نے تیز رفتار گاڑی مسجد الحرام کے بیرونی دروازے سے ٹکرا دی

سعودی میڈیا کے مطابق واقعہ جمعہ کی رات کو پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مکہ میں ایک تیز رفتار گاڑی مسجدِ حرام کے صحن میں داخل ہونے کے بعد مسجد کے ایک بیرونی دروازےسے جا ٹکرائی
عرب نیوز کے مطابق سعودی پریس ایجنسی نے مکہ ریجن کے سرکاری ترجمان سلطان الدوسری کے حوالے سے بتایا کہ یہ واقعہ جمعے کی شب ساڑھے دس بجے پیش آیا۔
گاڑی کے ڈرائیور کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان سلطان الدوسری کے مطابق ڈرائیور مسجد کے جنوبی حصے کے اطراف کی روڈ پر تیز رفتار میں گاڑی چلا رہا تھا۔
ٹوئٹر پر شیئر ہونے والی ویڈیو میں ایک تیز رفتار گاڑی کو مسجدِ حرام کے صحن میں داخل ہوتا دیکھا جا سکتا ہے جو رکاوٹوں کو توڑتی ہوئی مسجد کے بیرونی دروازے سے جا ٹکراتی ہے۔
تفتیشی افسران کے مطابق گاڑی کا ڈرائیور سعودی شہری ہے جو واقعے کے دوران ‘غیر معمولی حالت’ میں تھا۔
ملزم کو پبلک پراسیکیوشن افسر کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں