285

مالم جبہ میں منعقدہ پاکستان انٹرنیشنل سنو بورڈنگ کپ کامیابی سے اختتام پذیر


خیبرپختونخوا کی حسین اور جنت نظیر وادی مالم جبہ میں محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے زیرانتظام خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور سیمسن گروپ آف کمپنی کے باہمی اشتراک سے منعقد ہ پاکستان انٹرنیشنل سنوبورڈنگ کپ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا ۔ اختتامی تقریب کے موقع پرسینیٹر فیصل جاوید مہمان خصوصی تھے ۔ ان کے ہمراہ محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا اور سیمسن گروپ آف کمپنی کے عہدیداران موجود تھے ۔ پاکستان انٹرنیشنل سنو بورڈنگ کپ کے دوران خواتین کے گینٹ سلام مقابلوں میں پاکستان کی فاطمہ ندیم نے 3 منٹ 42 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ سارا ندیم نے دونوں رن کے مشترکہ وقت کے مطابق 4 منٹ 07 سیکنڈ کے ساتھ دوسری اورپاکستان ہی کی عائشہ اکمل نے 4 منٹ 51 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ ایونٹ میں 8خواتین جن میں تین خواتین کا تعلق افغانستان سے ہے نے حصہ لیا۔

مردوں کے انٹرنیشنل سنو بورڈنگ کے گینٹ سلام مقابلوں میں بلجیئم کے وکٹر روجر نے 1 منٹ 36 سیکنڈ کے ساتھ پہلی، بلجیئم ہی کے جولین ہیری نے 1 منٹ سیکنڈ کے دوسری اور بلجیئم کے ہیری نے 1 منٹ41سیکنڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ ان مقابلوں میں بلجیئم ، افغانستان ، یورپ اور پاکستان کے 36 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ پیرالل گینٹ سلام کے مقابلوں میں پاکستان کے رضا اللہ نے گولڈ، افغانستان کے احمد سروش نے سلور جبکہ پاکستان کے وکیل احمد نے برائونز میڈل حاصل کیا۔

خواتین کے پیرالل گینٹ سلام مقابلوں میں سارا ندیم نے گولڈ، فاطمہ ندیم نے سلور جبکہ عائشہ اکمل نے سلور میڈل حاصل کیا۔ انٹرنیشنل سنو بورڈنگ مقابلوں میں مرد و خواتین سمیت یورپ، بیلجیئم،افغانستان اور پاکستان سے 8 خواتین سمیت 44 کھلاڑیوں نے حصہ لیاجنہوں نے محکمہ سیاحت خیبرپختونخوااور سیمسن گروپ آف کمپنی کے مشترکہ ایونٹ کے انعقاد کو بہترین اقدام قرار دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہاکہ غیر ملکی سیاح آسانی سے پاکستان آسکتے ہیں کیونکہ یہ خوبصورت حسین مقامات کے ساتھ ساتھ محفوظ اور عوام دوست ملک ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں