آئین ڈیسک: خیبر پختونخوا کے شہر پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کی بس ایک بار پھر خراب ہوئی جس کو مسافر دھکا دیں رہے ہیں۔
بی آر ٹی بس میں سوار مسافروں کو اسٹیشن سے پہلے اتار دیا گیا اور دھکا دینے کی اپیل کی تاکہ بس کو اسٹیشن تک پہنچاسکیں۔
ٹرانس پشاور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بی آر ٹی بس میں معمولی فالٹ آیا تھا، تکنیکی خرابی دور کرنے کے بعد بس دوبارہ روٹ پر آگئی۔
قبل ازیں خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں بی آر ٹی بس گدھا گاڑی سے ٹکرا گئی تھی۔ حادثہ حیات آباد فیز 4 فیڈرروٹ پر پیش آیا۔
اس سے قبل بی آر ٹی بس سروس 38 روز آرام کے بعد بحال ہونے کے اگلے ہی دن خراب ہو گئی۔ بی آر ٹی بس حیات آباد کے قریب خراب ہوئی تاہم جلد ہی اسے ٹھیک کر لیا گیا۔
ترجمان بی آر ٹی کا کہنا تھا کہ بس میں کلچ کا معمولی مسئلہ آیا تھا جس کی وجہ سے بس چلنا بند ہو گئی تاہم بس میں تکنیکی خرابی کو فوری طور پر دور کر لیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات گاڑیوں میں ہونا معمول ہے یہ کوئی تشویش کی بات نہیں ہے۔