293

اسٹیبلشمنٹ نے مذاکرات کے لیے رابطے کیے ہیں، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہےکہ فوج سے بات ہوسکتی ہے اور ہم ضرور بات کریں گے مگر آگے بڑھنے کے لیے حکومت کو گھر جانا ہوگا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں مریم نواز نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے میرے ارد گرد موجود بہت سے لوگوں سے رابطے کیے ہیں مگر میرے ساتھ براہِ راست کسی نے رابطہ نہیں کیا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ فوج میرا ادارہ ہے، ہم ضرور بات کریں گے لیکن آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اور وہ بات اب عوام کے سامنے ہو گی، چھپ چھپا کر نہیں ہو گی، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مذاکرات کے آغاز پر غور کیا جا سکتا ہے  لیکن اس کے لیے شرط ہےکہ جعلی حکومت کو گھر بھیجا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میں ادارے کے مخالف نہیں ہوں مگر سمجھتی ہوں کہ اگر ہم نے آگے بڑھنا ہے تو اس حکومت کو گھر جانا ہو گا۔

ن) لیگ کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ میں تمام ‘اسٹیک ہولڈرز’ سے بات کر سکتی ہوں اور ڈائیلاگ تو اب پاکستان کے عوام کے ساتھ ہو گا اور ہو رہا ہے اور اتنا اچھا ہو رہا ہے کہ جعلی حکومت گھبرائی ہوئی ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ ن لیگ  کی سیاست بند گلی کی جانب نہیں جا رہی، عوام نے اس کا ثبوت جگہ جگہ دیکھ لیا، اب یہ بند گلی نہیں ہے، اب یہی راستہ ہے، یہ راستہ آئین و قانون کی بالادستی کی جانب جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں