پشاور(آئین نیوز) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا نے سینیٹ کے انتخابات میں جنرل نشست پر مرکزی سیکرٹری مالیات اور سابق صوبائی وزیر حاجی ہدایت اللہ خان کو امیدوار نامزد کردیا۔
جمعرات کے روز اے این پی خیبرپختونخوا کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی چیئرمین پارلیمانی بورڈ اور صوبائی صدر اے این پی ایمل ولی خان نے کی۔ اجلاس میں سیکرٹری پارلیمانی بورڈ سردارحسین بابک اور اراکین ثمرہارون بلور، خادم حسین اور شاہی خان شیرانی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کی جانچ پڑتال کی گئی۔عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے مسعود عباس خٹک اور حاجی ہدایت اللہ خان نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔ اجلاس میں اراکین نے متفقہ طور پر حاجی ہدایت اللہ خان کو سینیٹ انتخابات میں امیدوار نامزد کردیا۔سیکرٹری پارلیمانی بورڈ سردارحسین بابک نے اس بابت باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا۔واضح رہے کہ اے این پی نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 15 فروری مقرر کی تھی لیکن الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے شیڈول جاری ہونے کے بعد پارلیمانی بورڈ کا اجلاس طلب کیا گیا اور امیدوار کے نام کی منظوری دے دی گئی۔