آئین نیوز : وزیراعلیٰ محمود خان نے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی آرٹی کی تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی م،انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی ہر لحاظ سے جلد تکمیل کیلئے تمام محکمے اور ادارے اپنے حصے کی ذمہ داریوں اور کاموں کو فوری طور پر مکمل کریں اور معمولی نوعیت کے معاملات آپس میں بیٹھ کر طے کریں۔
بس ریپیڈ ٹرانزٹ منصوبے کی تکمیل پر پیشرفت کا جائز ہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کو اس منصوبے کی تکمیل کے سلسلے میں اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کے تمام ریچیز کی تکمیل آخری مراحل میں ہے اور فنشنگ کے کاموں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے جبکہ بی آر ٹی مین کوریڈور پر بسوں کا ٹیسٹ رن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادر اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں کے علاوہ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، ٹرانس پشاور کمپنی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ اس اہم نوعیت کے منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور غیر ضروری تاخیر کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے منصوبے کے جزوی افتتاح کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ منصوبے کا ایک ہی دن اور ایک ہی افتتاح کیا جائے گا جس کیلئے تمام تیاریوں اور انتظامات کو حتمی شکل دی جائے اور فنشنگ کے کام کو جلد مکمل کیا جائے ۔
وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو ذمہ داری تفویض کی کہ وہ منصوبے کی ہر لحاظ سے تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کا روزانہ کی بنیاد پر اجلاس بلا کر اس سلسلے میں عملی پیشرفت کا جائزہ لیں تاکہ عوامی مفادات کے اس منصوبے کے جلد ازجلد افتتاح کو ممکن بنا یا جا سکے ۔
(adsbygoogle = window.adsbygoogle || []).push({});
واضح رہے کہ پشاوربس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ تحریک انصاف کے پچھلے دورحکومت میں شروع کیاگیا تھا اور اس وقت کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے منصوبے کو 6 ماہ میں مکمل کرنے کا وقت دیا تھا مگر دوسال سے زائد وقت گزرنے کے بعد ابھی تک منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا۔