وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کے لیے بنائے گئے رولز پر نظر ثانی کی حامی بھرنے کے فیصلے سے عدالت کو آگاہ کر دیا ہے۔
پیر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں سوشل میڈیا رولز کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ آرٹیکل 19 اور 19 اے بنیادی حقوق سے متعلق ہے، لگتا ہے کہ سوشل میڈیا رولزبناتے ہوئے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت نہیں کی گئی۔
اس موقع پر اٹارنی جنرل نے عدالت کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سوشل میڈیا ریگولیٹ کرنے کے قواعد پر نظرثانی کی حامی بھرلی ہے، پٹیشنرز اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد نظرثانی کریں گے، پٹیشنرز سے مشاورت کی جائے گی،کسی پلیٹ فارم کو بند کرنا مسئلے کا حل نہیں، کچھ مہلت دی جائے، پی ٹی اے اور اسٹیک ہولڈرز سے مل کر رولزمیں نظرثانی کریں گے۔