393

حکومت پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی مشکلات اور مسائل حل کرے – سینیٹر مشتاق احمد خان

امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی مشکلات اور مسائل حل کریں اور انہیں فیسوں کی ادائیگی کے لئے خصوصی پیکج دیں۔المرکز الاسلامی پشاور سے جاری بیان میں سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے تعلیمی سیکٹر کا تقریباً 50فیصد ہیں، ان اداروں کو حکومت کی طرف سے کوئی گرانٹ نہیں ملتی، یہ سارے ادارے اپنے انتظامی معاملات فیسوں کے ذریعے چلاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے اس وقت پرائیویٹ تعلیمی ادارے بند ہیں جس کی وجہ سے ان کے معاملات خراب ہورہے ہیں اور ان تعلیمی اداروں میں پڑھانے والے لاکھوں اساتذہ کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ فرنٹیئر ایجوکیشن فاؤنڈیشن (FEF) اور ایجوکیشن ایمپلائیز فاؤنڈیشن (EEF) اور دیگر اداروں میں پڑے اربوں روپوں کے فنڈز میں سے 4مہینوں کی فیسوں کی ادائیگی کے لئے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو پیکج دیا جائے اور جتنا جلدی ممکن ہوسکے ماہرین طب کے مشورے سے ایس او پیز کے ساتھ پرائیویٹ سکولز کھولے جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بورڈ امتحانات کو مؤثر بنانے یا اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے تعلیمی ماہرین بالخصوص پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی ایسوسی ایشنز کو اعتماد میں لیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں