234

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس فورس کےساتھ وکلاءبرادری نے بھی لازوال قربانیاں دی ہیں- آئی جی پی ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی

انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے پشاور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے وکلاءسے پولیس اور وکلاءکا کردار کے موضوع پر خطاب کیا۔ جس میں پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اور ممبران نے شرکت کی۔ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اور دیگر عہدیداران نے آئی جی پی کا استقبال کیا۔
آئی جی پی ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے شرکاءسے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ معاشرے میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس فورس کےساتھ وکلاءبرادری نے بھی لازوال قربانیاں دی ہیں، جنھیں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ملک کے دیگر صوبوں کی نسبت خیبرپختونخوا میں محکمہ پولیس خود مختار اور عوام کو جوابدہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں عوام کی عزت نفس کا خیال رکھنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے.

پولیس میں احتساب کے عمل کو مزید فعال بنا رہے ہیں۔ اس موقع پر ضم شدہ قبائلی اضلاع کا بطور خاص ذکر کرتے ہوئے صوبائی پولیس سربراہ نے کہا کہ ان علاقوں میں عرصہ دراز سے انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی ایک بہت بڑا چیلنج تھا۔ تاہم ریاست کے پختہ عزم کی بدولت انضمام کا عمل تیزی سے اپنی تکمیل کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے عوام کی خدمت اور انصاف کی بروقت فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ان علاقوں کے لیویز اور خاصہ دار فورس کو پولیس فورس کا باقاعدہ حصہ بنایا جاچکا ہے۔ اور اُن کو صوبے کے دیگر پولیس اہلکاروں کے برابر تمام مراعات حاصل ہو چکی ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ضم شدہ اضلاع کی پولیس کو مثالی فورس بنانے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جار رہا ہے۔ ہم ٹرانزیشن کے مشکل مرحلے سے ثابت قدمی سے گزررہے ہیں۔ اس سلسلے میں صوبائی پولیس سربراہ نے اعلیٰ عدلیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ناممکن کو ممکن بنانے میں عدلیہ نے تاریخی کردار ادا کیا۔
صوبائی پولیس سربراہ نے کہا کہ ہم نے آئین اور قانون کی پاسداری کا حلف اُٹھایا ہوا ہے اور شہریوں کو انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ پولیس کی طرح وکلاءبرادری بھی کریمنل جسٹس سسٹم کا لازمی جزوہے۔اور عوام الناس کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے میں پولیس کے ساتھ مل کر اپنا مثبت کردار ادا کررہی ہے۔ آخر میں صوبائی پولیس سربراہ نے تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آئندہ بھی ایسی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں