393

سابق کرکٹر نے سرفرازاحمد کو ریٹائرمنٹ کا مشورہ دے دیا


آئین نیوز: سابق پاکستانی کپتان رمیز راجہ نے سرفراز احمد کو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرہوکر صرف محدود اوورز کے میچزپر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دیدیا۔

مشہور کمنٹیٹر اور سابق قومی کرکٹر رمیزراجہ نے ایک انٹرویو میں کہاکہ مجھے مستقبل قریب میں سرفراز کو ٹیسٹ ٹیم میں موقع ملتا ہوا دکھائی نہیں دیتا، ویسے بھی ان کی اسکواڈ میں موجود محمد رضوان پر دبائو بڑھا رہی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ انھیں ٹیسٹ میچز میں بینچ پر بھی نہیں بیٹھنا چاہیے۔

انہوں نے سابق قومی کپتان سرفراز احمد کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لیتے ہوئے سفید بال کی کرکٹ پر توجہ مرکوز کریں جس میں وہ بہتر ہیں۔لال بال میں انہیں موقع ملنے کا امکان کم ہے ۔

رمیز راجہ نے پہلے ٹیسٹ میں سرفراز کے ساتھی پلیئرز کو پانی پلانے اور جوتے لے جانے کے حوالے سے کہاکہ اس میں کچھ غلط نہیں، ویسٹ انڈیز سے دوسرے ٹیسٹ میں جب جیمز اینڈرسن نہیں کھیلے تو وہ بھی ساتھی کھلاڑیوں کو پانی پلاتے ہوئے دکھائی دیے، مگر پاکستانی کرکٹ کلچر میں ایسی چیزوں کو اچھا نہیں سمجھا جاتا،خاص طور پر جب کوئی سابق کپتان ہو۔

واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ کے موقع پر سرفراز احمدکو جوتے اٹھانے پر ٹیم انتظامیہ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، سوشل میڈیا پر کرکٹ فینزنے پی سی بی کوآڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اس عمل کو نہ صرف ناپسندیدہ بلکہ اس کو سرفراز کے ساتھ زیادتی قرار دیا ۔

اس عمل پر سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے بھی ٹیم انتظامیہ پر تنقید کی ،راولپنڈی ایکسپریس نے اپنے بیان میںکہا کہ اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں سرفراز احمد کو جوتے اٹھا کر لاتے دیکھنا اچھا نہیں لگا، جس شخص نے 4 سال تک قیادت کی اور چیمپئنز ٹرافی جتوائی، اس کے ساتھ آپ ایسا سلوک نہیں کر سکتے،اگر انھوں نے خود ایسا کیا تو روک دیتے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ سرفراز احمد ایک کمزور شخصیت کے مالک ہیں، اسی لئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر ان پر حاوی رہے،انھوں نے پاکستان کی قیادت بھی اسی مزاج کے ساتھ کی ہوگی، میں یہ نہیں کہتا کہ جوتے اٹھانے میں کوئی خرابی ہے لیکن ایک سابق کپتان کو ایسا نہیں کرنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں