حکومتی وفد نے چئیرمین سینیٹ کے انتخاب کے سلسلے میں ولی باغ چارسدہ کا دورہ کیا۔ حکومتی وفد نے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی، سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین اور صوبائی صدر ایمل ولی خان سے ملاقات کی۔ حکومتی وفد میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور چیئرمین سینیٹ و بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار صادق سنجرانی شامل تھے۔ ملاقات میں اے این پی کیبلوچستان سے نومنتخب سینیٹر ارباب عمر فاروق کاسی، صوبائی وزیر بلوچستان زمرک خان اچکزئی اور رکن خیبر پختونخوا اسمبلی شکیل بشیر خان عمرزئی بھی موجود تھے۔ وفد نے عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین سے سینیٹ چیئرمین کے انتخاب میں ووٹ کی درخواست کی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے حکومتی وفد کا ولی باغ آنے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی معاملات کو سیاسی طریقے کار کے ذریعے ہی حل کرنا ملک و قوم کی مفاد میں ہے، عوامی نیشنل پارٹی ایک جمہوری سیاسی جماعت ہے اور اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا حصہ ہے،اے این پی میں تمام فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں،اس بارے بھی پارٹی مشاورت سے فیصلہ کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی ملک میں عوام کو حق حکمرانی دلانے اور آئین اور پارلیمان کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور ایوان بالا کے تقدس کی بحالی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
518