پاکستان کی فوج کے ترجمان کے مطابق شمالی وزیرستان میں رزمک کے قریب دہشت گردوں کے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے میں ایک افسر سمیت چھ اہلکار شہید ۔ دوسری جانب صوبہ بلوچستان میں مکران کوسٹل ہائی وے پر گیس اور تیل کی کمپنی کے ملازمین کے قافلے پر حملہ ہوا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کےمطابق حملے میں 14 ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں آٹھ ایف سی اہلکار جبکہ دیگر او جی ڈی سی ایل کے پرائیویٹ سکیورٹی گارڈز ہیں تاہم سرکاری طور پر صرف چھ ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔
وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے حملے کو دشمن عناصر کی جانب سے دہشت گردی کا بزدلانہ عمل قرار دیا ہے۔
لیویز حکام کے مطابق واقعہ کراچی سے تقریباً 300 کلومیٹر دور بلوچستان کے ضلع گوادر کے علاقے اورماڑہ میں مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب پیش آیا جہاں اوماڑہ سے کراچی کی طرف جانے والی آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔
دو گاڑیوں میں کمپنی کے ملازمین کو کراچی لے جایا جا رہا تھا۔ ان کی حفاظت کے لیے ایف سی 128 ونگ کی دو گاڑیاں بھی ساتھ تھیں۔
