فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جمعے کو ٹوئٹر انتظامیہ نے یہ کہتے ہوئے صدر ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ مستقل بند کر دیا کہ ’امریکی صدر کا یہ سوشل پلیٹ فارم استعمال کرنا ایک خطرہ ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹویٹس کا بغور جائزہ لینے کے بعد ہم نے ان کا اکاؤنٹ تشدد کو مزید بڑھاوا دینے کے خدشے کے پیش نظر مستقل طور پر بند کر دیا ہے۔‘
ٹرمپ جن کے ٹوئٹر پر آٹھ کروڑ ستاسی لاکھ فالوؤرز ہیں، نے اپنی آخری ٹویٹ میں لکھا تھا کہ وہ جو بائیڈن کی 20 جنوری کو ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں شریک نہیں ہوں گے۔
انہوں نے لکھا تھا کہ ’ان سب کے لیے جو پوچھ رہے ہیں، میں نہیں جا رہا۔‘
بائیڈن نے اس کے جواب میں کہا تھا کہ یہ ایک ’اچھی چیز‘ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی جانب سے اس اقدام کے بعد اپنے ردعمل میں کہا کہ ’ٹوئٹر مجھے خاموش کرانے کے لیے سیاسی حریفوں کے ساتھ مل کر سازش کر رہا ہے۔‘