344

ضلع مہمند میں کان بیٹھنے سے9مزدور جاں بحق، مزید ہلاکتوں کا خدشہ

آئین نیوز: تحصیل صافی میں سنگ مر مر کی کان بیٹھنے سے9مزدور جاں بحق ،7زخمی ہوگئے جبکہ 25 سے زائد مزدور ملبے تلے دبے ہوئے ہیں قبائلی ضلع مہمند کی تحصیل صافی کے علاقے زیارت میں سنگ مر مر کی کان اچانک بیٹھ گئی جس کے نتیجے میں دب کر 9افراد جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہو گئے۔

ڈی پی او مہمند طارق حمید کا کہنا ہے کہ دور افتادہ علاقہ سے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جب کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبنے کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

وزیراعلیٰ محمود خان اور معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ابتدائی معلومات کی بنیاد پر حادثہ تودہ گرنے سے پیش آیا تاہم حادثے کی باقاعدہ انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے تحصیل صافی ضلع مہمند ماربل مائنز میں تودہ گرنے کے دلخراش واقعہ پر انتہائی دُ کھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہا رکرتے ہوئے واقعے میں جاںبحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دُعا کی ہے ۔ اُنہوںنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں