635

علمی ،دینی اور اصلاحی تحریک -حافظ عبدالمنعم

دارالتفسیر والحدیث شاہ منصور ضلع صوابی محدث کبیر ، عارف باللہ اور عظیم علمی، تدریسی، تحقیقی اور روحانی شخصیت سیدی و مرشدی شیخ الحدیث حضرت مولانا شمس الہادی نوراللہ مرقدہ کا قائم کردہ علمی جامعہ اور دینی درسگاہ ہے جس کی بنیاد شیخ رحمہ اللہ نے 1947 ء میں مسجد قاسم خیل شاہ منصور میں رکھی تھی – ابتدا میں یہاں جزو وقتی( پارٹ ٹائم) تعلیم دی جاتی تھی مگر 1989 میں شیخ الحدیث حضرت مولانا شمس الہادی نوراللہ مرقدہ نے دورہ موقوف علیہ (احادیث کا چھوٹا دورہ)کا باقاعدہ آغاز کر دیا یہ سلسلہ ماہ شوال المکرم سے رجب المرجب تک جاری رہتا – اس کی تکمیل کے بعد علم میراث کی شہرہ آفاق کتاب ” سراجی ” اور ” قصیدہ بردہ ” کا چالیس روزہ دورہ پڑھایا جاتا – راقم کو دوبار اس کورس میں شرکت کی سعادت نصیب ہوئی تھی ۔1999 ء میں شیخ الحدیث حضرت مولانا شمس الہادی نوراللہ مرقدہ کے بڑے بھائی، علم و عمل کی تصویر، بے مثال محدث و فقیہہ،شیخ الحدیث حضرت مولانا فضل الہٰی نوراللہ مرقدہ نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں درس و تدریس کا سلسلہ منقطع کرکے یہاں دورہ حدیث پڑھانے کا فیصلہ کردیا اور یوں دونوں بزرگ بھائیوں( شیخین کریمین )نے مل کر مکمل دورہ حدیث کا سلسلہ شروع کرکے تشنگان علوم نبوت کو سیراب کرنا شروع کردیا،جو علاقہ بھر کے اہل علم کے لئے عظیم خوشخبری کی مانند تھی الحمد للہ موجودہ وقت میں شیخ الحدیث حضرت مولانا شمس الہادی نوراللہ مرقدہ کا قائم درسگاہ اخلاص ، تقوی ٰ،تو کل، استقامت اور اعتدال کی برکت سے ہمہ جہت اور ہمہ گیر علمی ،دینی، تعلیمی ،تصنیفی، روحانی اور روحانی مرکز و تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے –

اور عوام و خواص کی توجہ اور مقبولیت حاصل کرچکا ہے ایک طرف آپ کے قابل فرزند اور نمونہ اسلاف شیخ الحدیث حضرت مولانا ظہور الحق دامت برکاتہم یہاں مسند حدیث سنبھالے ہوئے ہیں تو دوسری طرف آپ کے دوسرے فرزند قاری حافظ احسان الحق شعبہ حفظ و تجوید کو کامیابی سے چلارہے ہیںجبکہ آپ کے چھوٹے فرزند اور خانقاہ شمسیہ شاہمنصورضلع صوابی کے رئیس و روح رواں سیدی مولانا اعزاز الحق شاہ منصوری دامت برکاتہم ” خانقاہ شمسیہ ” کو نہایت نظم و ضبط ،وسعت اور جدت کے ساتھ کامیابی سے چلارہے ہیں اور روزانہ بے شمار افراد کی تزکیہ نفس اور اصلاح باطن کی سنت تازہ اور محنت جاری رکھے ہوئے ہیں اور مرجع خلائق بنے ہوئے ہیں بقول شاعر ایں سعادت بزور بازو نیست تا نہ بخشد خدائے بخشندہ گزشتہ ہفتے بعد از نماز جمعہ المبارک خانقاہ شمسیہ شاہمنصورضلع صوابی کی جدید مگر شاندار اور پرشکوہ عمارت میں دارالتفسیر والحدیث شاہ منصور میں حفظ قرآن مجید مکمل کرنے والے 24 طلبا ء, دورہ حدیث کی تکمیل کی سعادت حاصل کرنے والے 26 فضلا کا آخری درس ،دستار بندی اور اجتماعی دعا کی پر نور، پر اثر، روح افزا اور ایمان پرور تقریب منعقد ہوئی – نیز اس موقع پر تخصص فی الفقہ( مفتی کورس)کے 6 طلبا ء نے بھی سند فضیلت حاصل کی – شیخ الحدیث حضرت مولانا ظہور الحق دامت برکاتہم نے آخری حدیث کا درس دیا اور شرکا تقریب سے دلنشین انداز ،خوبصورت لہجہ اور شیرین طرز کلام سے مخاطب ہوئے – ان کی منفرد خوبی ہے کہ موقع و محل کے مطابق نہایت آسان اور عام فہم انداز میں عوام کی ذہن سازی کرتے ہیں – انہوں نے کرونا وائرس وباء سمیت موضوع کے مطابق عوام الناس کی مناسب دینی رہنمائی کی – یہ بات قابل ذکر ہے کہ شیخ الحدیث حضرت مولانا ظہور الحق دامت برکاتہم کا وعظ و نصیحت اور تقریر وخطاب فرقہ واریت اور مذہبی منافرت سے مبرا ، تعصب ،تنگ نظری اور انتہا پسندی سے دور اور سیاسی آلودگی سے پاک خالص دعوت و اصلاح پر مبنی ہوتا ہے اور سامعین کو افراط وتفریط کی بجائے راہ اعتدال اور راہ مستقیم کی طرف بلاتے ہیں ۔ یاد رہے کہ شیخ الحدیث حضرت مولانا شمس الہادی نوراللہ مرقدہ کے بڑے فرزند اور شیخ الحدیث مولانا ظہور الحق دامت برکاتہم کے بڑے بھائی شیخ الحدیث مفتی رضا الحق دامت برکاتہم عرصہ دراز سے جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں ” دارالعلوم زکریا لینیشیا ” کے دارالحدیث کے رئیس اور دارالافتا کے روح رواں ہیں- موصوف قرآن فہمی، حدیث شناسی، فقہ دانی، فتوی نویسی اور عربی و مشرقی علوم و فنون کا خاموش سمندر ہے – اللہ تعالی نے آپ کو درس و تدریس، افتا و قضا، وعظ و نصیحت اور خصوصاً تحریر و تصنیف کے میدان میں خاص ملکہ عطا کررکھا ہے ۔


آپ کے شرعی اصولوں کی روشنی میں مختلف دینی مسائل کے جوابات پر مبنی سات جلدوں ں پر مشتمل ” فتاوی زکریا” علمی عنوانات کی تفصیل اور علمی سوالات و جوابات کا انسائیکلوپیڈیا ہے جو عوام اور خواص دونوں کے لئے نہایت مفید اور نافع ہے – مفتی رضا الحق دامت برکاتہم قادر الکلام شاعر بھی ہیں اور آپ کو اردو،پشتو،فارسی اور عربی میں شعر کہنے پہ قدرت حاصل ہیں- ” قرار دل ” کے نام سے آپ کا شعری مجموعہ موجود ہے جو شعر و ادب کے شائقین کے لئے نادر نسخہ اور نایاب سوغات ہے – دعا ہے کہ اللہ تعالی شیخین کریمین استادی شیخ الحدیث حضرت مولانا فضل الہیٰ اور سیدی شیخ الحدیث حضرت مولانا شمس الہادی رحمہما اللہ کا قائم علمی،دینی اور روحانی ” باغ وبہار” اور ” مرکز و تحریک ” کو مزید ترقی دے کر تا قیامت جاری رکھیں اور ان کی درجات کی بلندی اور ہم سب کے لئے دارین کی سعادت کا ذریعہ بنادے۔
آمین یا رب العالمین

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں