117

محکمہ خوراک کارروائیاں ‘ دو آٹا ڈیلرز سمیت 14 گرانفروش گرفتار


محکمہ خوراک نے دو آٹا ڈیلروں سمیت 14 گرانفروشوں کو گرفتار کرلیا ۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان اور سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ ‘ واجد علی اور فوڈ انسپکٹر محسن نثار نے تھانہ شاہ پور کی حدود میں مختلف علاقوں میں آٹا ڈیلروں ‘ فوڈ پوائنٹس اور جنرل سٹورز میں اشیائے خوردونوش کے معیار کو چیک کیا اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی

۔ سرکاری آٹا 860 روپے کے بجائے 880 اور 890 میں فروخت کرنے پر 2 آٹا ڈیلروں سمیت گرانفروشی و زائد المعیاد اشیاء فروخت کرنے پر 14 افراد کو گرفتار کرلیا جن کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے ۔ گرفتار افراد میں سبزی و پھل فروش ‘ دودھ و دہی فروش ‘ نانبائی ‘ قصائی اور جنرل سٹور مالکان شامل ہیں ۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرانفروشی کسی صورت قبول نہیں کریں گے جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ انہوں نے آٹا ڈیلروں کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری آٹا مقررہ نرخوں پر فروخت کریں اگر کوئی ڈیلر مقررہ نرخوں سے تجاوز کرنے کا مرتکب ہوا تو ان کے دکانوں کو سیل کیا جائیگا اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائیگی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں