67مقبول خبریں
67محکمہ خوراک کی حیات آباد میں کارروائی‘ 14 گرانفروش جیل منتقل محکمہ خوراک نے حیات آباد میں کارروائیاں کرتے ہوئے 14گرانفروشوں کو جیل بھیج دیا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان اور سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے حیات آباد کے مختلف مارکیٹوں بشارت مارکیٹ‘ سپر مارکیٹ‘ خٹک مارکیٹ‘ روحیلہ اور یوسفزئی مارکیٹ میں اشیائے خوردونوش کے معیار کو چیک کیا اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 14 گرانفروشوں کو گرفتار کرلیاجن کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کرنے کے بعد جیل منتقل کردیا۔ گرانفروشوں میں قصائی‘ دودھ فروش اور نانبائی شامل ہیں۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک نے گرانفروشوں کا قلع قمع کرنے کے لئے پالیسی تبدیل کردی جس کے تحت بار بار گرانفروشی کے مرتکب افراد کو جیل بھیجا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرانفروش کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں جن کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ پشاور کے شہری علاقوں سمیت دیہی علاقوں میں بھی گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائیں اور کسی کے ساتھ نرمی نہ برتی جائے۔