437

مقبول پب جی گیم پر پاکستان میں پابندی عائد

آئین نیوز: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے نوجوانوں میں مقبول موبائل گیم پب جی پر عارضی طور پر پابندی عائد کردی ہے۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کیا ، جاری اعلامیے کے مطابق پب جی گیم پرمختلف طبقات کی جانب سے شکایتی درخواستیں موصول ہونے پر ملک بھر میں عارضی طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے بھی معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی تھی، عوامی شکایات پر پب جی گیم کے خلاف سماعت 10 جولائی کو ہوگی موجودہ فیصلہ عدالت کی ہدایات کی روشنی اور شکایتی درخواستیں موصول ہونے پر کیا ہے ۔

پاکستان بھر میں پب جی گیم بہت جلد نوجوانوں میں مقبول ہوگئی ہے اور اکثر بچے اور نوجوان اس گیم کو کھیلنے میں مصروف رہتے ہیں۔ اس گیم کے حوالے سے والدین کیجانب سے شکایات سامنے آتی رہتی ہیں جس میں بچوں کے ذہنوں پرمنفی اثرات مرتب ہونے کی شکایات زیادہ ہے ، گیم کے عادی افراد کی خودکشی کے بعد والدین نے اس گیم کو خودکشی کی وجہ قرار دیا ہے ۔ اس گیم پر مکمل پابندی کا فیصلہ عدالت کریگی جبکہ شکایات کو سامنے رکھتے ہوئے پی ٹی اے نے ملک بھر میں اس پر عارضی طورپر پابندی کا اعلان کیا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں