165

ممنوع اشیاء استعمال کرنے پر 5 ریسٹورانٹس سیل ‘ فوڈ اتھارٹی


خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبے کے مختلف اضلاع دیر بالا، سوات، نوشہرہ اور بنوں میں کاروائی کرتے ہوئے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور زائد المعیاد اور ممنوع اشیاء کے استعمال پر 5 ریسٹورنٹس کو سیل کردیا، جبکہ سینکڑوں کلو مضر صحت اشیاء خوردنوش برآمد کرلئے

۔ ملاوٹ مافیا کے خلاف کاروائیاں ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی۔ ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کے مطابق دیر بالا میں خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کے معیار کا جائزہ لیا گیا۔ انسپکشن کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیم نے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور ممنوع چائنہ سالٹ کے استعمال پر چار ریسٹورنٹس کو سیل کردیا

، اور متعلقہ مالکان کے خلاف بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح فوڈ سیفٹی ٹیم نے ضلع سوات کے علاقے بابوزئی میں بھی کاروائی کی۔ جس کے دوران ایک ریسٹورنٹ کو صفائی کی ناقص صورتحال پر سیل کردیا گیا۔ انسپکشن کے دوران کئی دکانوں سے 100 لیٹر سے ذیادہ زائد المعیاد مشروبات برآمد کی گئی، جبکہ 70 کلو سے زائد غیر معیاری مصالحہ جات اور دیگر مضر صحت اور ممنوع اشیاء خوردنوش بھی برآمد کئے گئے۔ ضلع خیبر میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے مختلف جنرل سٹورز، فاسٹ فوڈ پوائنٹس، اور مصالحہ شاپس کا معائنہ کیا۔

کاروائی میں 60 کلو سے زائد اشیا خوردنوش کو برآمد کیا گیا۔ ڈائریکٹر اپریشنز کے مطابق نوشہرہ میں بھی اشیا خوردنوش کا معیار یقینی بنانے کے لئے مختلف خوراک سے وابستہ کاروباروں کا جائزہ لیا گیا، کاروائی کے دوران 125 کلو سے زیادہ زائد المعیاد اور ممنوع اشیا خوردنوش کو برامد کرکے مالکان کے خلاف جرمانہ عائد کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں