176

نااہلوں کی نالائقی کی بدولت پورا خیبر پختونخوا مالی بحران کا شکار ہے ، ایمل ولی


عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ مقتدر قوتیں ڈوریں ہلانے سے ہٹ جائیں تو تبدیلی سرکار دو دن کی مہمان ہے، خیبر پختونخوا نا پہلے تحریک انصاف کاتھا اور نا اب ہے، دو سال پہلے ووٹ چوری کر کیسلیکٹڈ حکمرانوں کوملک وقوم پر مسط کیا گیا ۔ہوتی خیل پارک نوشہرہ کلاں میں پی کے 63 کے انتحابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا

کہ پختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن پختونخوا کے نوجوان باہر کے ممالک میں چوکیداریاں کرنے پر مجبور ہیں، پختونخوا کے وسائل ملک کے دیگر حصوں میں خرچ کئے جارہے ہیں لیکن پختونخوا کے عوام بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، پختونخوا ملک میں سب سے سستی بجلی پیدا کر رہی ہے لیکن اس بجلی سے پنجاب کے کارخانے چل رہے ہیں اور صوبے کے عوام اجالے کے لئے ترس گئے ہیں، نا ان کو بجلی دی جارہی ہے اور نا اس بجلی کی مد میں آئینی اور قانونی منافع دیا جارہا ہے

۔ انہوں نے کہا کہ اپنے وسائل پر اپنا اختیار کے لئے باچا خان اور خدائی خدمتگار تحریک نے بے پناہ جدوجہد کی، ان کی جائیدادیں ضبط ہوئی، جیلوں میں جانا پڑا لیکن وہ پختون قوم کے حقوق کے لئے ڈٹے رہے، انگریز کو اس خطے سے بھگایا لیکن ان انگریزوں کی باقیات آج پختونوں پر حکمرانی کررہے ہیں اور موجودہ دور میں عمران خان اور اس کی سلیکٹڈ حکومت اسی سوچ پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے اپنے دور حکومت میں اپنے وسائل پر اپنے اختیار کے نعرے کو عملی شکل دی اور وفاق سے صوبائی خودمختاری اور اٹھارہویں آئینی ترمیم کی شکل میں اپنے حقوق حاصل کئے،

صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا، پن بجلی کے نئے منصوبے شروع کئے، مختصر مدت میں صوبہ بھر میں نو نئی یونیورسٹیاں اور لاتعداد ڈگری کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لایا، آج نااہلوں کی نالائقی کی بدولت پورا خیبر پختونخوا مالی اور انتظامی بحران کا شکار ہے، نئے تعلیمی ادارے بنانا تو دور کی بات پہلے سے موجود ادروں کو تباہ و برباد کیا گیا اور آج صورتحال یہ ہے کہ یونیورسٹیاں چلانے کے لئے چندے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور ان پر قدغنیں لگانے کی بھرپور مذمت کرتی ہے

باچا خان کے پیروکار میڈیا کی آزادی کے لئے ان کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور آزادمیڈیا کو یقینی بنانے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوشہرہ خدائی خدمتگاروں کی سرزمین ہے اور 19 فروری کی صبح ایک نئے سویرے کا آغاز ہوگا، پختونخوا کے عوام نے جھوٹی تبدیلی کو مسترد کردیا ہے اور 19 فروری کو نوشہرہ کے عوام اس کا عملی ثبوت پیش کریں گے، نوشہرہ کے عوام عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار پراپنے اعتماد کا اظہار کریں گے اور اپنے حقیقی ترجمان کو صوبائی اسمبلی میں بھیج کر اس مٹی اور باچا خان اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں کا قرض ادا کریں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں