177

ناگمان اور دائودزئی سے 22 گرانفروش گرفتار


محکمہ خوراک نے دیہی علاقوں ناگمان اور دائودزئی میں کارروائیاں کرتے ہوئے 22 گرانفروشوں کو گرفتار کرلیا ۔ پاکستان سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی جانب سے درج شکایات پر وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان ‘ سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان اور ڈائریکٹر محمد زبیر کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے ناگمان اور دائودزئی میں اشیائے خوردونوش کے دکانوں میں سرکاری نرخوں بارے آگاہی حاصل کی اور نرخناموں کو چیک کیا

۔ سرکاری نرخنامے آویزاں نہ کرنے اور مقررہ نرخوں سے تجاوز کرنے پر 22 افراد کو گرفتار کر کے تھانہ دائودزئی میں مراسلہ جمع کردیا ۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے اپنے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ گرانفروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی

۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران شہری علاقوں کی طرح دیہی علاقوں میں بھی کارروائیاں جاری رکھیں تاکہ شہریوں کو مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش میسر ہو ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرانفروش پشاور کے جس کونے میں بھی ہوں محکمہ خوراک کے شکنجے سے بچ نہیں سکتے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں