199

وزیراعلیٰ سندھ کے سفید جھوٹ کی مذمت کرتا ہوں، شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے وفاقی وزیر پر وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے عائد کیے گئے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت اپنی نااہلی اور کرپشن کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاقی وزیر پر الزام لگایا کہ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ایف آئی آر درج نہ کی تو ان کی حکومت نہیں رہے گی، میں اس سفید جھوٹ کی پرزور مذمت کرتا ہوں اور اس کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اپنی جلسوں کا ردعمل دیکھ کر یہ ذہنی طور پر اس قدر گھبراہٹ کا شکار ہو گئے ہیں اور انہوں نے ہرقسم کا جھوٹ فریب اپنا لیا ہے جس کی وجہ سے ان کی پہلی کوشش یہی ہے کہ وہ سندھ حکومت کی نااہلی، کرپشن کو چھپا سکیں اور اپنی سیاسی منافقت کو ایک اچھی شکل دے سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ جانتے ہیں کہ قائد اعظم کے مزار پر جو ہلڑ بازی، غیرقانونی واقعہ ہوا جو صفدر اعوان اور مریم اعوان نے رچایا تھا، جس سے پاکستان کی حقیقت کے خالق قائد اعظم کے مزار پر طوفان بدتمیزی برپا کیا گیا جو قوانین اور اخلاقیات کے خلاف تھا۔

شبلی فراز نے کہا کہ اس جرم کو چھپانے کے لیے انہوں نے ایک نیا ناٹک رچایا اور ویڈیو فوٹیج میں صفدر اعوان پولیس کی گاڑی میں آرام سے بیٹھ رہے ہیں اور انہوں نے ایک دو نعرے بھی بلند کیے جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ نہ تو کوئی زبردستی ہوئی، نہ کوئی کھینچا تانی ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں