آئین نیوز: وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع مہمند ماربل مائنز میں حادثہ کے متاثرین کیلئے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق حادثے میں جاںبحق افراد کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے جبکہ حادثے کے زخمیوں کو ایک لاکھ روپے فی کس امداد دی جائے گی ۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے اس موقع پر کہا ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ اگرچہ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں تاہم صوبائی حکومت غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہیں ۔
انہوںنے کہاکہ زخمیوں کو بھی بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ضلع مہمند میں سنگ مرمر کی کان بیٹھ گئی تھی جس کی نتیجے میں اب تک 21 مزدور جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ اب بھی کئی مزدور ملبے تلے دبے ہیں جس کے نکالنے کیلئے آپریشن جاری ہے ۔