سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی نشست ہارنے کے بعد عمران خان نے اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا جس کے لئے آج قومی اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی اور وزیراعظم عمران خان پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے اور انہوں نے 178 ووٹ حاصل کیے۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے لیے اعتماد کے ووٹ کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان، حکومت اور اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور ق لیگ سمیت 180 سے زائد ممبران اجلاس میں شریک ہوئے۔ووٹنگ کے لیے ایوان کی ڈویژن کی گئی جس سے قبل 5 منٹس کے لیے گھنٹیاں بجائی گئیں۔ تمام ارکان کے ایوان میں آنے کے بعد قومی اسمبلی ہال کی تمام لابیاں مقفل کردی گئیں۔بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گنتی کے بعد نتیجے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جب عمران خان وزیراعظم منتخب ہوئے تھے تو انہوں نے 176 ووٹ حاصل کیے تھے لیکن آج ان کے 2 ووٹ زیادہ ہوگئے اور انہوں نے 178 ووٹ حاصل کیے۔
