پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور ان کی آسٹریلوی اہلیہ شنیرا اکرم کی کراچی کے ساحل سی ویو پر گندگی کے حوالے اٹھائی گئی آواز کام کر گئی۔
وسیم اکرم نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ سوچا تھا کہ ہفتے کے بعد پیر پہلا دن ہے، سمندر پر مزہ آئے گا لیکن میں نے اپنی بیوی کو سی ویو پر لا کر بہت بڑی غلطی کر دی۔
شنیرا اکرم نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک تصویر ڈالی جس میں وہ ساحل پر جمع ہونے والے کچرے پر کھڑی ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ہمارا شہر تکلیف میں ہے اور یہ (شہر) ہمیں روز بتا رہا ہے، ہم اس کی مدد کے لیے چلا رہے ہیں لیکن کوئی بھی ہماری بات نہیں سن رہا۔
وسیم اور ان کی اہلیہ کی ٹوئٹس پر ہزاروں لوگوں نے تبصرے کیے اور ان کی آواز میں آواز ملاتے ہوئے سوشل میڈیا پر پھیلانا شروع کر دیا۔
اس تنقید کے اگلے ہی روز انتظامیہ حرکت میں آ گئی اور سی ویو پر صفائی کا کام شروع کر دیا۔
صفائی کے عمل کی تصویر ایک صارف نے سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کی ہے جس پر لوگ وسیم اکرم کی خوب تعریفیں اور ان کا شکریہ بھی ادا کر رہے ہیں۔