169

پشاور،ون ویلنگ کرنے پر 26 افراد گرفتار

سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے نادرن بائی پاس پر ون ویلنگ کرنے پر 26 افراد کو حراست میں لے کر موٹرسائیکلیں ٹرمینل میں بند کر دیں۔
چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز افتخار علی اور ڈی ایس پی چارسدہ روڈ تاج ملوک نے سٹی ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ہمراہ نادرن بائی پاس پر ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جس میں مزید 26 نوجوانوں کو ون ویلنگ کرنے پر حراست میں لے کر موٹر سائیکلوں کو 523/550 میں ضبط کر کے ٹرمینل میں بند کردیا

جبکہ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے ان کے والدین سے تحریری طور پر ضمانت لی گئی۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ون ویلنگ کرنا اپنی زندگی سے کھیلنے کے مترادف ہے کیونکہ اس خطرناک کھیل سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں

اور لوگوں کے خوشیوں بھرے گھر ماتم میں تبدیل ہو گئے ہیں انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ کرنیوالوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائیگی اور ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں ٹریفک قوانین سے متعلق مہمات اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا مقصد شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر بنانا اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں