112

پشاور’گرانفروشی پر مختلف علاقوں سے مزید 31 افراد گرفتار


محکمہ خوراک نے گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مزید 31 افراد کو گرفتار کرلیا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان اور سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے بورڈ بازار’ یونیورسٹی ٹاؤن اور قصہ خوانی میں اشیائے خوردونوش کی دکانوں میں معیار کو چیک کیا اور نرخوں سے متعلق آگاہی حاصل کرنے سمیت نرخنامے چیک کئے۔ سرکاری نرخناموں سے تجاوز کرنے پر 31 گرانفروشوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ گرانفروشوں میں سبزی و پھل فروش’ دودھ و دہی فروش’ نانبائی’ جنرل سٹور و بیکری مالکان اور دیگر شامل ہیں۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ پوائنٹس مالکان اپنی دکانوں میں سرکاری نرخناموں کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرانفروشی کسی صورت برداشت نہیں جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز اور فوڈ انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں عمل میں لائیں اور کسی کے ساتھ نرمی نہ برتی جائے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں