138

پشاور, تھانہ متنی کی حدود میں اسلحہ و ایمونیشن سمگل کرنے کی کوشش ناکام

کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے خفیہ اطلاعات پر تھانہ متنی کی حدود میں دو مختلف کامیاب کارروائیوں کے دوران غیر قانونی اسلحہ و ایمونیشن سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان گاڑیوں کے ذریعے اسلحہ ایمونیشن پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 14 عدد رائفلز ، 59 ہزار مختلف بور کے کارتوس اور 43 عدد خالی میگزینز برآمد کر لئے گئے ہیں۔ ملزمان میں ایک کا تعلق پشاور نوتھیہ قدیم جبکہ دوسرے کا درہ آدم خیل سے ہے جن کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایس پی صدر ڈویژن وقار احمد کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر ڈی ایس پی بڈھ بیر ریاض خان خلیل کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ متنی ملک احمد نے سرہ خاورہ چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک موٹر کار نمبری 1564 کو روک کر گاڑی کے خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ جن میں 14 عد د رائفلز ، 42 ہزار مختلف بور کے کارتوس برآمد کرکے ملزم جاوید شاہ ولد مہربان شاہ کو گرفتار کرلیا جس کا تعلق پشاور کے علاقے نوتھیہ قدیم سے ہے۔
اسی طرح دوسری کارروائی کے دوران سرہ خاورہ ناکہ بندی پر مشکوک گاڑی نمبری 3181 کو روک کر گاڑی کی تلاشی لینے پر خفیہ خانوں سے 17 ہزار کارتوس اور 43 عدد خالی میگزینز برآمد کرکے ملزم عابد ولد عبدالخنان سکنہ درہ آدم خیل کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزمان گاڑیوں کے ذریعے اسلحہ ایمونیشن پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 14 عدد رائفلز ، 59 ہزار مختلف بور کے کارتوس اور 43 عدد خالی میگزینز برآمد کر لئے گئے ہیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں