آئین نیوز: صوبائی دارلحکومت پشاور میں چینی بحران کے باعث قیمت پرچون مارکیٹ میں100 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ ہو ل سیل مارکیٹ میں 84روپے سے 90روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود پشاور میں چینی 70روپے فی کلو فروخت ہونا ناممکن ہو گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ پشاور نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے سے معذرت کر لی ہے شہر میں چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہاہے تین دن کے دوران چینی سو روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے چینی کی بوری 3880روپے سے 4150روپے پر پہنچ گئی ہے۔
تاجروں کے مطابق ہول سیل مارکیٹ میں چینی 84روپے جبکہ بعض مقامات پر ہول سیل مارکیٹ میں 90روپے میں فروخت ہو رہی ہے ۔ چینی کی قیمت میں دو دنوں کے دوران 20روپے فی کلو کا اضافہ پرچون مارکیٹ میں ہوا ہے ۔ عید الضحیٰ کی آمد کے موقع پر چینی کی قیمت میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے ۔