پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پی ڈی ایم کا 31 دسمبر کا الٹی میٹم مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم مستعفی نہیں ہونگے اور اگر پی ڈی ایم سنجیدہ ہے تو 31 دسمبر تک ان کے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس پہنچنے چاہئیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کہتی ہے کہ حکومت سے گفت و شنید کا وقت جاچُکا، دھمکیوں سے تو بات نہیں چلے گی، یہ رویہ جمہوریت کو نقصان پہنچا سکتا ہے تاریخ سے سبق سیکھیے، بلاول نے اگر سیکھنا ہے تو اپنے نانا سے سیکھ لیجیے، بھٹو صاحب نے اپنے خلاف اُٹھنے والی تحریک کو کہا آئیے بیٹھیے بات کیجیے، سیاست میں ہٹ دھرمی نہیں ہوتی آپ ہمیشہ راستہ تلاش کرتے ہیں۔