آئین نیوز: چین اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا،امریکا نے چین کیخلاف تازہ کارروائی میں تین چینی شہریوں کو گرفتار کر لیا، ان پر ویزا فراڈ اور چینی افواج کے ساتھ منسلک ہونے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکا نے اب تک تین چینی باشندوں کو گرفتا رکرلیا ہے،تینوں چینی امریکا کی زیر حراست ہیں اور ایف بی آئی چوتھے چینی باشندے کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے، امریکی اداروں نے مزید 25 چینی افراد سے پوچھ گچھ بھی کی ہے، جن کے بارے میں شبہ ہے کہ ان کی چین کی مسلح افواج کے ساتھ غیر اعلانیہ وابستگی ہے۔
امریکی اقدام کے جواب میں چین نے بھی امریکا کو قونصل خانہ بند کرنے کا حکم دے دیاہے۔گزشتہ روز امریکی حکومت نے ہیوسٹن میں واقع چینی قونصل خانے کو 72 گھنٹوں میں خالی کرنے کا حکم دیا جس پراب چینی حکومت نے بھی جوابی اقدام اٹھایا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق چینی حکومت نے جنوب مغربی شہر چینگ ڈو میں واقع امریکی قونصل خانے کو بند کرنے کا حکم دیا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا۔
گزشتہ روز چین نے امریکی حکومت کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی اشتعال انگیزی قرار دیا تھا۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے الزام لگایا تھا کہ چین نے امریکی مواد چوری کیا ہے جس کی وجہ سے قونصل خانہ خالی کرنے کا حکم دیا گیا۔امریکی حکومت کے اقدام پر چینی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکا کے بلا ضرورت ایکشن پر قانونی اور ضروری رد عمل دیا جائے گا۔
آج چین نے امریکی کیطرف سے 3 چینی باشندوں کو گرفتار کرنے اور گزشتہ روز قونصل خانے خالی کرانے کے حکم پر چین نے جواب میںچین کے جنوب مغربی شہر چینگ ڈو میں واقع امریکی قونصل خانے کو بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
عالمی نشریاتی ادارے کے مطابق چینگ ڈو شہر میں واقع امریکی قونصل خانے کو 1985 میں قائم کیا گیا تھا جس میں 200 سے زائد عملہ موجود ہے جب کہ یہ قونصل خانہ تبت شہر کے قریب ہونے کی وجہ سے امریکا کے لیے اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے آغاز سے امریکی صدر ٹرمپ نے چین پر وائرس بنانے کا الزام عائد کیا تھا جب کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو لے کر بھی تعلقات کشیدہ ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کی مصنوعات پر بھاری بھرکم ٹیکسز عائد کررہے ہیں۔
چینی حکومت کی جانب سے ہانگ کانگ میں نئے سیکیورٹی قوانین کے نفاذ کے بعد چین کے برطانیہ اور امریکا کے ساتھ تعلقات میں بھی کشیدگی پیدا ہوئی جس پر برطانوی حکومت نے چین کی فائیو جی ٹیکنالوجی ہٹانے کا اعلان کیا۔ دوسری جانب لداخ سرحد پر چین اور بھار ت کے درمیان بھی کشید گی چل رہی ہے دونوں ملکوں نے مشترکہ بارڈر پر فوجی تعینات کردی ہیں۔