بلوچستان کے علاقے مچھ میں 11 کان کنوں کے سفاکانہ قتل کے خلاف ہزارہ برادری کا احتجاجی دھرنا حکومتی ٹیم سے کامیاب مذاکرات کے بعد ختم ہوگیا اور متاثرین کے لواحقین نے میتوں کی تدفین کا اعلان کردیا۔
2 وفاقی وزرا نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے ہمراہ رات گئے کوئٹہ کے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم کرلیے ہیں جبکہ گزشتہ روز دیے گئے وزیراعظم کے بیان پر بھی وضاحت پیش کی۔
جس کے بعد شہدا ایکشن کمیٹی اور مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے نمائندوں کی جانب سے 6 روز تک جاری رہنے والے دھرنے کے ختم کرنے کا اعلان کیا گیا اور لواحقین اپنے پیاروں کی میتیں دفنانے پر راضی ہوگئے۔