149

گرانفروشی و صفائی کی ناقص صورتحال پر 20 قصاب گرفتار


محکمہ خوراک نے ہشت نگری بازار میں گرانفروشی اور صفائی کی ناقص صورتحال پر 20 قصابوں کو گرفتار کرلیا ۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان اور سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈکنٹر ولرز تسبیح اللہ ‘ واجد علی اور فوڈ انسپکٹر محسن نثار نے ہشت نگری میں قصابوں کے دکانوں کو چیک کیا

جہاں پر صفائی ستھرائی کی صورتحال ابتر تھی جبکہ دکانوں کو جال سے نہیں ڈھانپا گیا تھا جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 20 قصابوں کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانے میں مراسلے جمع کردیئے ۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرانفروشی اور صفائی ستھرائی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری اور صاف ستھری اشیائے خوردونوش کی فراہمی محکمہ خوراک کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گرانفروشی اور صفائی کا خیال نہ رکھنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں