128

پشاور سے ٹرانسفارمر چور گروہ کے سرغنہ سمیت 7 ملزمان گرفتار


کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے شہر کے نواحی علاقوں سے بجلی ٹرانسفارمر چور گروہ کا سراغ لگاتے ہوئے گروہ کے سرغنہ سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا. ملزمان میں مسروقہ ٹرانسفارمر خریدنے والے ریسیور بھی شامل ہیں. گرفتار ملزمان کا تعلق افغانستان، ضلع چارسدہ ، ضلع خیبر اور پشاور کے نواحی علاقوں سے ہے۔تفصیلات کے مطابق مدعی عمرحیات ولد اختر خان سکنہ ارمڑ میرہ نے تھانہ ارمڑ پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ نامعلوم افراد نے محلے کا بجلی ٹرانسفارمر چوری کرلیا ہے جس پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی

۔ایس پی صدر ڈویژن وقار احمد نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی صدر سرکل عالمزیب خان کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ ارمڑ نعیم خان پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے ملوث گینگ کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا۔ خصوصی ٹیم نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش جاری رکھتے ہوئے ملوث ملزمان تک رسائی حاصل کی اور گزشتہ روز کامیاب کاروائی کے دوران 7 ملزمان ملتان ولد سید انور، ہدایت ولد اکاخیل ساکنان ارمڑ میرہ، عمیر ولد سبزعلی، فیاض ولد جانس ساکنان چارسدہ، محمد عالم ولد المر خان سکنہ ضلع خیبر، کامران ولد حمد سکنہ زمان بھٹہ خشت ارمڑ اور ریسیور رحیم ولد رضوان سکنہ افغانستان حال سربند کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران بجلی ٹرانسفارمر چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے جن کے قبضے سے 4 عدد مسروقہ ٹرانسفارمرز اورایک عدد کلاشنکوف بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔علاوہ ازیں ایس ایچ او تھانہ ارمڑ نعیم خان نے علاقہ میں امن و امان کے قیام اور منشیات کی روک تھام کے حوالے سے علاقہ عمائدین،علما اور معزیزین کے ساتھ خصوصی ملاقات کی جس کے دوران منشیات خصوصا آئس ، شادی بیاہ میں ہوائی فائرنگ کی روک تھام اور دیگر سماجی برائیوں کے تدارک کے حوالے سے شریک مشران سے بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے دوران ایس ایچ او نعیم خان نے تھانہ ارمڑ کی حدود میں عرصہ دراز سے جاری دشمنیاں ختم کرنے اور فریقین کے مابین صلح کرانے کیلئے بھر پور کردار ادا کرنے پر زور دیا جس کے دوران علاقہ معزیزین نے منشیات کی روک تھام اور دیگر سماجی برائیوں کے تدارک کیساتھ ساتھ ہر موقع پر پولیس کیساتھ مکمل تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں