215

’ساس سے لڑائی‘، خاتون کی پانچ بچوں سمیت دریا میں چھلانگ

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں پولیس حکام کے مطابق ضلع کوٹلی کی رہائشی خاتون نے ساس سے جھگڑے کے بعد پانچ بچوں سمیت دریائے پونچھ میں چھلانگ لگا دی۔ 
مقامی افراد نے ریسکیو کوششیں کرتے ہوئے خاتون اور تین بچوں کو بچا لیا تاہم دو بچے ڈوب گئے۔
پولیس سٹیشن سٹی کوٹلی کے اے ایس آئی شبیر احمد نے اردو نیوز کو فون پر بتایا کہ دریا میں چھلانگ لگانے والی خاتون رضوانہ بیگم کی عمر 36 سال ہے جبکہ ان کا شوہر ملازمت کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم ہے۔
اے ایس آئی شبیر احمد نے بتایا کہ واقعہ کا مقدمہ رضوانہ بیگم کی ساس شاہ بیگم کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
اے ایس آئی شبیر احمد نے بتایا کہ کوٹلی سے تتہ پانی جانے والی سڑک پر مکڑالی گاؤں کے رہائشیوں نے دریا میں چھلانگ لگانے والی خاتون کو ریسکیو کیا۔ ان کے مطابق دریا سے ڈیڑھ سالہ بچی منیبہ کی لاش نکال لی گئی جبکہ ڈوبنے والے چار سالہ باسط کی تلاش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں