209

قبل ازوقت سینیٹ انتخابات، پارلیمنٹ کی وقعت ختم کرنا آمرانہ طرز حکومت ہے، میاں افتخارحسین

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و ترجمان پی ڈی ایم میاں افتخارحسین نے کہا ہے کہ قبل ازوقت سینیٹ انتخابات، پارلیمنٹ کی وقعت ختم کرنا آمرانہ طرز حکومت ہے،موجودہ سلیکٹڈ حکومت سینیٹ الیکشن کو متنازعہ بنانا چاہتی ہے۔حکومت کو اپنی شکست نظر آچکی ہے اسلئے اس قسم کی باتیں کی جارہی ہیں۔ باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و ترجمان پی ڈی ایم نے کہا ہے کہ اپنی ناکامی چھپانے اور لانگ مارچ کی ڈر سے فروری میں سینیٹ انتخابات کی باتیں ہورہی ہیں۔جب سینیٹ کی مدت پوری نہیں ہوئی تو انتخابات کیسے کرائے جاسکتے ہیں؟ شو آف ہینڈ یا مقررہ مدت سے پہلے سینیٹ انتخابات کیلئے آئینی ترامیم کی ضرورت ہے۔موجودہ دھاندلی کی پیداوار حکومت کے پاس آئینی ترامیم کیلئے مطلوبہ نمبر ہی نہیں۔ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تحریک صرف سینیٹ انتخابات کی حد تک محدود نہیں، سلیکٹڈ کو گھر جانا ہوگا۔جعلی حکومت قبل ازوقت سینیٹ انتخابات کی بات کرکے الیکشن کمیشن پر بھی سوالیہ نشان لگارہی ہے۔اس وقت پورا پاکستان جعلی حکومت کے خلاف ہیں،عوام اور پارلیمنٹ کی بے توقیری کی جارہی ہے۔پی ڈی ایم آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے نکلی ہے، پارلیمنٹ ہی فیصلوں کا مرکز ہوتا ہے اور اپوزیشن کی تحریک ملک میں اصل و حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے میدان میں نکلی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں