131

پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے 1284دکانوں کا معائنہ کر تے ہوئے بیشتر دکانداروں کو گرانفروشی پر گرفتار کر لیا۔

صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے 1284دکانوں کا معائنہ کر تے ہوئے بیشتر دکانداروں کو گرانفروشی پر گرفتار کر لیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کے دفتر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پشاور میں جمعتہ المبارک کے روز 1284دکانوں کا معائنہ کیا گیا اور گرانفروشی، کم وزن روٹی اور سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی پر214دکانداروں کو گرفتار کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر (سٹی) ڈاکٹر احتشام الحق نے یونیورسٹی روڈ اور صدر کے بازاروں میں دکانوں کا معائنہ کیا۔گرانفروشی اور کم وزن روٹی فروخت کرنے پر بیشتر دکانداروں اور نانبائیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر(شاہ عالم) ثوبیہ حسام طورو نے چارسدہ روڈ پر مختلف ریسٹورنٹس، میگا مارٹ اور نانبائیوں سمیت دیگر دکانوں کا معائنہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر (صدر) عبید عبید ڈوگر نے کوہاٹ روڈ پر نانبائیوں اور دیگر دکانوں کا معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر (متنی) ڈاکٹر عادل ایوب نے پشتخرہ اور باڑہ روڈ پر مختلف دکانوں کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کاشف جان نے فقیر آباد اور دلہ زاک روڈ پر بازاروں کا معائنہ کیا اور مختلف دکانوں سمیت نانبائیوں کی دکانوں میں روٹی کے وزن کا معائنہ کیا۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد شفیق آفریدی نے صدر کے بازاروں میں نانبائیوں سمیت دیگر دکانوں کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر حبیب اللہ نے حیات آباد کی مختلف مارکیٹوں میں دکانوں کا معائنہ کیا

۔ انھوں نے کم وزن روٹی فروخت کرنے پر بیشتر نانبائیوں کو گرفتار کیا۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر تنزیل الرحمان نے یونیورسٹی روڈ اور تہکال، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شاہ وزیر نے چارسدہ روڈ اور ورسک روڈ جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد اظہر خان نے رنگ روڈ پر مختلف دکانوں اور نانبائیوں کی دکانوں میں روٹی کا وزن چیک کیا۔ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر پشاور بھر میں 1284 دکانوں کا معائنہ کیا گیا جبکہ گرانفروشی، کم وزن روٹی اور سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی پر 214 دکانداروں کو گرفتارکیاگیا۔ ان گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی

۔ ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کے مطابق صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ پشاور کی نگرانی میں سرکاری نرخ نامہ جاری کیا جاتا ہے اور بعد میں انتظامی افسران پشاور بھر میں سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں