665

اسلام آباد کی سڑک پر تیندوے کی مٹرگشت

 کورونا وائرس کے پیش نظر نافذ کیے گئےلاک ڈاؤن کے دوران کچھ ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جن میں اسلام آباد کی سڑکوں پر جانوروں کو گھومتے دیکھا گیا۔ ایسی ہی ایک ویڈیو منگل سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں ایک تیندوے کو اسلام آباد میں دامن کوہ جانے والی سڑک پر مٹر گشت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

منگل اور بدھ کی درمیانی رات اسلام آباد کے مارگلہ ہلز نیشنل پارک سے ایک تیندوا دامن کوہ روڈ پر نکل آیا اور کبھی سڑک پر چلتے چلتے گرین بیلٹ کی طرف چلا جاتا اور پھر دوبارہ سڑک پر نمودار ہوجاتا۔ 
تیندوے کی اس مست خرامی کو اسلام آباد کے شہریوں نے کیمرے میں محفوظ کر لیا۔ اسلام آباد وائلڈ لائف مینیجمنٹ بورڈ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’دامن کوہ روڈ پر تیندوا دیکھا گیا ہے۔ اسلام آباد وائلڈ لائف مینیجمنٹ بورڈ مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے جانوروں کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’یہ تیندوا جب نکلتا ہے تو ایک دن میں پندرہ سے 21 کلومیٹر کا ایریا گھومتا ہے۔ اس میں مادہ تھوڑا کم گھومتی ہے۔‘
شہریوں کے جنگلی حیات سے تحفظ کے حوالےسے انھوں نے کہا کہ ’ہم نے پہلے سے ایس او پیز دے رکھے ہیں۔ کیونکہ یہ جنگلی جانور ہے اور دن میں نہیں نکلتا بلکہ رات کو باہر آتا ہے اس لیے شہریوں بالخصوص ہائیکرز کو بار بار یہ تنبیہ کر رہے ہیں کہ وہ مغرب سے پہلے واپس آ جایا کریں۔‘
سوشل میڈیا صارفین اس دلچسپ ویڈیو کو شیئر کررتے ہوئے مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔ کچھ صارفین نے تیندوے کی اس آزادانہ نقل و حرکت کو ’خوشگوار‘ قرار دیا تو کچھ خوفزدہ بھی دکھائی دیے۔
صارف کاشف راجپوت نے ازراہ مذاق لکھا کہ ’گشت کر رہے ہیں، اچھا ہے سکیورٹی کے لیے۔

خانم جان نامی صارف نے لکھا ’خوبصورت۔ آزاد اور خوشگوار۔ وہ کھیل رہا ہے۔ ایک آزاد جانور کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں