323

سعودی عرب میں 90روز بعد کرفیو ختم کرنے کا اعلان

آئین نیوز: سعودی عرب میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے ملک بھرمیں لگائے گئے کرفیو کو ختم کردیا گیا ہے۔ حکومت نے کرونا پروٹوکول کے مطابق ملک میں ہرطرح کی کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے، خواتین کے بیوٹی پارلر اور حجام کی دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

عرب ٹی وی کیمطابق سعودی عرب کی وزارت کھیل کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار سے ملک بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ہفتے کے روز سعودی وزارت کھیل نے اعلان کیاتھا کہ اتوار 21 جون 2020 سے ، جم اور کھیلوں کے مراکز میں کھیلوں کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوجائیں گی۔

وزارت نے مواصلاتی ویب سائٹوں پرجاری بیانات میں ریٹرن پروٹوکول کے لیے ہدایت جاری کی ہیں۔ ان میں سرگرمی کی واپسی کے لیے ضروری طریقہ کار شامل کیا گیا ہے۔وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ کرونا پروٹوکول کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اور اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔خیال رہے کہ سعودی عرب کی وزارت کھیل نے15 مارچ 2020ء کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تا اطلاع ثانی ملک بھر میں مختلف کھیلوں اور تمام ٹورنامنٹس اور مقابلوں کے ساتھ ساتھ ہالز اور نجی کھیلوں کے مراکز بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

مملکت میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی واپسی کا اعلان ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب ملک میں کرونا کی وجہ سے لگایا گیا کرفیو اور لاک ڈائون ختم کردیا گیا ہے۔ ملک میں ہر طرح کی تجارتی سرگرمیاں بحال کرنے، بیوٹی سیلون کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔وزارت داخلہ نے تمام معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کی واپسی میں مقرر کردہ ایس او پیز کو مد نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیاہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں