144

شہر میں ہیلمٹ‘ سیٹ بیلٹ‘ نو پارکنگ زونز اور تجاوزات کیخلاف مہمات مزید تیز کرنے کی ہدایت

پشاور(پریس ریلیز) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے تجاوزات مافیا‘ بغیر ہیلمٹ کے ڈرائیونگ کرنیوالے موٹر سائیکل سواروں اور سیٹ بیلٹ باندھے بغیر ڈرائیونگ کرنیوالوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔ اس سلسلے میں ٹریفک نظام سے متعلقہ جائزہ اجلاس زیر صدارت چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت منعقد ہوا

جس میں ایس پی ہیڈ کوارٹرز افتخار علی‘ ایس پی کینٹ ٹریفک امان اللہ‘ ایس پی سٹی ٹریفک عبد السلام خالد‘ ڈی ایس پیز سمیت ٹریفک آفیسرز اور ٹریفک وارڈنز نے شرکت کی۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے گزشتہ ہفتے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے کی جانیوالی کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اجلاس کے دوران چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کو پلازوں میں پارکنگ نہ بنانے والوں کو نوٹسز‘ تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیوں‘ کالے شیشوں کے استعمال‘ اوور لوڈنگ‘ نو پارکنگ زونز کی خلاف ورزیوں‘ ہیلمٹ‘ سیٹ بیلٹ‘ ون ویلنگ‘ غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں اور دیگر مہمات کے بارے میں بریفنگ دی جس پر چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے اطمینان کا اظہار کیا

اور ہدایت کی کہ پلازہ مالکان کو جاری کئے جانیوالے نوٹسز کا دورانیہ ختم ہونے کی صورت میں فوری طور پر کارروائی عمل میں لائی جائے اور شہر میں جاری دیگر مہمات میں مزید تیزی لائی جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے تجاوزات مافیا کے خلاف کی جانیوالی کارروائیوں سے قصہ خوانی‘ جلیل کبابی روڈ اور دیگر بازاروں سے تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا ہے

جبکہ چیک اینڈ بیلنس کے لئے اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے جس پر چیف ٹریفک آفیسر نے ٹریفک حکام اور اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں بلا تعطل ٹریفک نظام رواں دواں رکھنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی جبکہ مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں