312

فخر زمان کو پاکستان نیوی کا اعزازی لیفٹیننٹ بنا دیا گیا

پاکستانی کرکٹر فخر زمان کو پاک بحریہ میں لیفٹیننٹ کا اعزازی رینک تفویض کیا گیا ہے۔
پاکستان نیوی کے ترجمان کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں فخر زمان کو لیفٹیننٹ کا اعزازی رینک تفویض کیا۔ فخر زمان کو یہ اعزازی رینک کرکٹ کے میدان میں شاندار کارکردگی اور پاک بحریہ سے ان کی وابستگی کی بنا پر دیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق فخر زمان نے 2007 میں بطور سیلر پاک بحریہ کی آپریشن برانچ میں شمولیت اختیار کی۔ اپنے کیریئر کے دوران فخر زمان نے کرکٹ کے میدان میں پاک بحریہ کیلٸے متعدد اعزازات حاصل کیے۔

فخرزمان کو اعزازی لیفٹیننٹ بنانے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر البحر نے فخر زمان اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔ تقریب میں عسکری و سول حکام اور پی سی بی کے عہدیداران کے علاوہ سابق کرکٹرز اور فخر زمان کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں