321

لاہور میں ایاز صادق کے خلاف بینرز آویزاں

قومی اسمبلی میں دیے گئے متنازع بیان کے معاملے پر لاہور کی سڑکوں پر سردار ایاز صادق کے خلاف بینرز اور ہورڈنگ آویزاں کر دیے گئے۔

قومی اسمبلی میں دیے گئے بیان پر سردار ایاز صادق کو حکومتی اراکین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے خلاف ایک شہری نے مقدمے کے لیے درخواست بھی جمع کرا دی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ سردار ایاز صادق کا معاملہ معافی سے آگے جا چکا ہے اور انہیں اس کی سزا ملنی چاہیے۔

وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے بھی ایاز صادق پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ ریاستی اداروں کے خلاف بات کر رہے ہیں انہیں بھارت چلے جانا چاہیے۔

اب لاہور کی سڑکوں پر بھی ایاز صادق کے خلاف نعرے بازی والے بینرز اور پوسٹرز آویزاں کر دیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں سب پتہ ہے کہ یہ پینا فلیکس کہاں تیار ہوئے اور کتنے تیار کروائے گئے۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ غدار سازی کے عمل میں پاکستان تحریک انصاف پورے ذوق شوق سے فرنٹ فٹ پر حصہ لے رہی ہے، مفت مشورہ ہے کہ اب بھی وقت ہے باز آ جائیں، اپنے گھر کو نفرت، انتقام اور دشمنی کی آگ میں جلا کر بھسم نہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں