269

’نواز شریف فوج کو آرمی چیف کے خلاف بغاوت پر اُکسا رہے ہیں‘

وزیراعظم عمران خان نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ’لندن میں بیٹھ کر پاکستان کی فوج کو اپنے آرمی چف اور آئی ایس آئی کے سربراہ کے خلاف بغاوت پر اکسا رہے ہیں۔‘
جمعے کو سوات میں صحت سہولت کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے نواز شریف کی پی ڈی ایم جلسوں میں تقاریر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ باہر بیٹھ کر فوج کو کہہ رہے ہیں کہ اپنے آرمی چیف اور آئی ایس آئی کے سربراہ کو بدلو۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’باہر بیٹھ کر اس نے ( نواز شریف) نے پہلے تو کوشش کی کہ کسی طرح این آر او مل جائے اور جب اس کو پوری طرح اندازہ ہو گیا کہ پوری طرح بلیک میل کرنے کے باوجود عمران خان این آر او نہیں دے گا تو باہر بیٹھ کر نئی گیم شروع کر دی۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’باہر بیٹھ کر پاکستانی عدلیہ اور فوج پر حملہ کر رہا ہے اور فوج کو کیا کہہ رہا ہے کہ اپنے آرمی چیف اور آئی ایس آئی سربراہ کو بدلو۔ یعنی فوج کو کہہ رہا ہے کہ بغاوت کرو۔ لندن میں بیٹھ کر اپنا پیسہ بچانے کے لیے فوج کو کہہ رہا ہے کہ اپنا آرمی چیف بدلو۔‘
انھوں نے مریم نواز کا نام لیے بغیر کہا کہ اس سے بڑی ملک کی دشمنی کیا ہو سکتی ہے۔ یہاں اس کی بیٹی بھی یہ ہی بات کر رہی ہے کیونکہ اگر بیٹے یہاں ہوتے تو جیلوں میں ہوتے لیکن بیٹی یہاں ہے کیونکہ اس معاشرے میں عورت کا احترام کیا جاتا ہے اور اسی کا فائدہ اٹھا کر اس فوج کے خلاف بات کر رہی ہے جو وطن کے لیے قربانیاں دے رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’نواز شریف اور آصف زرداری ایک دوسرے کو کرپٹ کہتے تھے۔ نواز شریف نے ہی آصف زرداری کو جیل میں ڈالا۔‘

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں