217

پشاور پولیس کی کارروائیاں ‘ منشیات سمگلرز اور منشیات فروش گرفتار


کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے منشیات سمگلرز اور منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران خاتون سمیت پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران خاتون سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے

۔ ڈ ی ایس پی بڈھ بیر ریاض خلیل کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ سربند امتیاز عالم نے لیڈی پولیس کے ہمراہ باڑہ قدیم چیک پوسٹ ناکہ بندی پر سواریوں کی گاڑی سے مسماة (م) زوجہ محمد ابراہیم سکنہ سوات کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 4 کلو کے قریب چرس برآمد کرلی۔ ایک اور کاروائی میں ایس ایچ او تھانہ تہکال سجاد خان نے مشہور منشیات فروش کاشف ولد شاہد خلیل سکنہ تہکال کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 500 گرام آئس اور دو کلوگرام چرس برآمد کرلی

۔اسی طرح ایس ایچ او تھانہ خزانہ اعجاز نبی نے منشیات فروشی میں ملوث تین ملزمان محمد ذیشان ولد پرویز، عالم خان ولد خواص اور سراج ولد اسرار کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے تین کلو گرام چرس اور 10 گرام آئس برآمد کرلی ہے۔ ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے جن کے قبضے سے مجموعی طور پر لاکھوں روپے مالیت کی 510 گرام آئس اور 9 کلو کے قریب چرس برآمد کر لی گئی ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں