ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایاگیا،شہر کے مختلف علاقوں میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے تقاریب،کانفرنسز اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، 5فروری کی مناسبت سے،خیبر پختونخوا سمیت صوبائی دارالحکومت پشاور کے گلی کوچے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونجتے رہے ، گزشتہ روزیوم یک جہتی کشمیر کے حوالے سے پشاور میں مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے ریلیاں نکالیں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا
۔پشاور میں جمعیت علماء اسلام ،جماعت اسلامی ،پی ایم ایل این ،اے این پی ،پیپلز پارٹی ،تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں،تاجر اور طلباء تنظیموں اور سرکاری اداروں کی ملازمین کے زیر اہتمام مظاہرے کئے گئے جبکہ کئی مقامات پر کشمیروں سے اظہار یکجتی کے لئے ریلیاں نکالی گئیں مختلف مقامات پر ریلیوں ،اور اجتماعات کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ایک دن کشمیریوں کی جدوجہد آزادی ضرور رنگ لائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مرکزی حکومت کو بھارت سے کشمیر کے مسئلے پر دو ٹوک بات کرنی ہو گی جبکہ وزیراعظم پہلے کشمیر کے مسئلے کو حل کریں پھر بھارت سے اپنے تعلقات بہتر بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کو پاکستان سے کوئی بھی الگ نہیں کر سکتا۔ شہیدوں کا خون رنگ لائے گا مقررین نے کہا کہ اقوام متحدہ اسرائیل اور امریکہ کی لونڈی کا کردار ادا کر رہی ، اقوام متحدہ اپنی ہی قرار دادوں کو پس پشت ڈال کر ظلم وستم کی حمایت کررہا ہے، انھوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو بھارت بیدردی کے ساتھ کچل کر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے جبکہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل تماشائی کا کرداد ادا کررہا ہے
۔ انہوں نے مز ید کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،کشمیر پر بھارتی تسلط کسی صورت برادشت نہیں کریں گے،بھارت نے کشمیر میں مسلمانوں پر بدترین مظالم ڈھائے،عالمی طاقتیں مسلہ کشمیر حل کرائیں، انہوںنے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بھارت خود یکم جنوری 1949 کو اقوام متحدہ میں لے کر گیا اور خود ہی اقوام متحدہ کی قرارداد سے پیچھے ہٹ گیا، 2014میں جب اسکارٹ لینڈ میں ریفرنڈم ہوسکتاہے تو پھر کشمیر میں کیوں نہیں ہو سکتا ،مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے حکومت پاکستان اپنا کردار ادا کرے، حکومت پاکستان نے مسئلہ کو نہ اٹھایا تو حکومت اپنا مقام کھو دے گی، حق رائے دہی کے سوائے مسئلہ کشمیر کا کوئی حل قبول نہیں ،مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لئے محض نعرے بازی نہیں عملی اقدامات کی ضرورت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور مودی کے گٹھ جوڑ کودنیا نے مسترد کر دیا ہے، مقررین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن کا خواب ممکن نہیں،اقوام متحدہ کا دہرا معیار مسلمانوں کے زخموں پر نمک پاشی ہے ،کشمیر میں آزادی کی تحریک ایک دن منزل پر ضرور پہنچے گی، آزاد کشمیر خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے ااس موقع پر شہریوں نے کہاکہ عالمی برادری کشمیریوں کو بھارتی غاصبانہ قبضے سے آزادی دلانے کیلئے کردار ادا کرے،یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان اور کشمیر کو ملانے والے مقامات پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔ کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ٹوارزم ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام بڑی کار ریلی کا انعقاد بھی کیا گیا،یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملکی سیاسی و عسکری قیادت اور پوری قوم نے اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا ہے۔